لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو ان کے تمام جائز مطالبات پورے کرانے کی یقین دہانی کرادی۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے لاہور ایئرپورٹ پہنچ کر ڈاکٹر طاہرالقاردری سے ملاقات کر کے ان کے تمام مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے طیارے سے باہر آنے کی درخواست کی جس پر طاہرالقادری نے رضا مندی ظاہر کی۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے لیکن ماضی کو واپس نہیں لا سکتے، ہمیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا اور ملک کی بہتری اور ترقی کےلئے مل کر کام کرنا ہو گا، ایئر پورٹ سے طاہرالقادری اوران کے ورکرز کو ساتھ لے کر جائیں گے۔
چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ شہبازشریف خوش ہیں کہ طاہرالقادری میرے ساتھ جانے کو تیار ہو گئے، طاہرالقادری سے گھر میں تفصیلی بات چیت ہو گی جب کہ پاکستان عوامی تحریک کی ٹیم پولیس سے سیکیورٹی معاملات طے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں طاہرالقادری کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میری بات مانی، ان کے جو جائز مطالبات ہیں وہ تسلیم کئے جائیں گے۔