کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی مقتول رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کی رسم قل کے موقع پر مختلف شہروں میں شمعیں جلا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
متحدہ قومی موومنٹ کی مقتول رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کے رسم قل کے موقع پر اسلام آباد میں ان کی یاد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ایم کیو ایم کے ارکان نے پھول رکھے، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے ارکان نے بھی شمعیں روشن کیں اور پھول رکھے۔
لاہور میں بھِی ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ تقریب میں ایم کیو ایم کے کارکنوں اور طاہرہ آصف کے عزیز واقارب شریک ہوئے اور ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔
کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر طاہرہ آصف کی یاد میں تقریب منعقد کی گئی جس میں ایم کیوایم کے اہم رہنماؤں سمیت کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب میں طاہرہ آصف کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے اپنی تقریروں میں طاہرہ آصف کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔