گڑھی خدابخش (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی شہید چیئر پرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کی اکسٹھویں سالگرہ کی تقریبات گڑھی خدا بخش بھٹو سمیت ملک کے کئی شہروں میں منائی گئیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے خون کے عطیات بھی دیے۔
لاڑکانہ میں شہید بے نظیربھٹو کی سالگرہ کی تقریب کا آغاز گڑھی خدا بخش میں صبح قرآن خوانی سے ہواجس میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے علاوہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، رکن اسمبلی نظیر بگھیو اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شہید بے نظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔اس موقع پر کارکنوں کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ اور ارکان اسمبلی نے بھی خون کا عطیہ دیا۔ یہ عطیات مسلح افواج کے زخمی جوانوں اور ضرورت مند مریضوں کو دیے جائیں گے۔
لاڑکانہ آرٹس کونسل میں بھی پارٹی کارکنو ں نے کیک کاٹا اور مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ حیدرآباد میں شہید محترمہ کی سالگرہ کی تقریب ڈسٹرکٹ کونسل کی عمارت میں ہوئی جہاں کارکنان کی جانب سے کیک کاٹا گیا، کارکنوں نے خون کے عطیات بھی دیے۔
سکھر، جیکب آباد، ٹنڈوالہ یاراورمٹھی میں بھی کارکنوں نے خون کے عطیات دیے اور کیک کاٹا۔ ملتان میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بےنظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔