اسلام آباد:عوامی تحریک کے 350 سے زائد کارکنوں کیخلاف مقدمات درج

Demonstration

Demonstration

اسلام آباد (جیوڈیسک) پولیس نے پیر کو اسلام آباد میں مظاہرے کے دوران عوامی تحریک کے گرفتار کارکنوں اور زخمی پولیس اہلکاروں سے متعلق رپورٹ تیار کر لی ہے، ساڑھے 3 سو سے زائد کارکنوں کے خلاف راول پنڈی اور اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق پیر کو علامہ طاہرالقادری کی آمد کے موقع پر اسلام آباد میں مظاہروں کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے 403 کارکن گرفتار کیے گئے جبکہ ڈنڈا بردار مظاہرین کے تشدد اور پتھرائو سے 48 پولیس افسران اور اہل کار زخمی ہوئے،رپورٹ کے مطابق مظاہرین کے پُرتشدد ہونے کے باوجود پولیس نے تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا،رپورٹ وفاقی وزیر داخلہ کو بھجوادی گئی۔دوسری جانب پولیس نے پاکستان عوامی تحریک کے 350 سے زائد کارکنوں کے خلاف سبزی منڈی، آئی نائن، شہزاد ٹاؤن، کورال، لوہی بھیر اور ترنول تھانے میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

مقدمات میں املاک کو نقصان پہنچانے اور کارِسرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ملزمان پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔