سری لنکا نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار، ناقص بیٹنگ نے انگلینڈ کوشکست کے دہانے پر پہنچا دیا

England Betting

England Betting

لیڈز (جیوڈیسک) ناقص بیٹنگ نے انگلینڈ کولیڈز ٹیسٹ میں شکست کے دہانے پر پہنچا دیا، سری لنکا تاریخی فتح سے صرف5 وکٹ کی فاصلے پر ہے،350 رنز کا تعاقب کرنے والی میزبان سائیڈ نے چوتھے روز57 پر5 وکٹیں گنوا دیں۔

آخری روز مزید 293 رنز بنانے کا چیلنج درپیش ہو گا، دھمیکا پرساد نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے کبھی انگلینڈ کو اس کے ملک میں ایک سے زائد ٹیسٹ کی سیریز میں نہیں ہرایا، مگر اس بار وہ نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب ہے، نئے میزبان کوچ پیٹرمورس کی ذمہ داریوں کا آغاز انتہائی شرمندگی سے ہونے والا ہے، ان کی رہنمائی میں ٹیم پہلے ہی ون ڈے سیریز ہار چکی ہے۔

گذشتہ روز انگلش ٹیم نے 350 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا ہی تھا کہ دھمیکا پرساد ان پر ٹوٹ پڑے۔ الیسٹر کک (16)، گیری بیلنس (0)، سیم روبسن (24) اور ای ین بیل (8) کو پویلین کی راہ اختیار کرنا پڑی، ہیراتھ نے نائٹ واچ مین لیام پلنکٹ کو صفر پر ہی پردیپ کا کیچ بنایا، اس کے ساتھ ہی چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوگیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے دوسری اننگز میں 457 رنز بنائے جس میں کپتان انجیلو میتھیوز کے 160 رنز نمایاں رہے، مہیلا جے وردنے نے 79 اور رنگانا ہیراتھ نے 48 رنز اسکور کیے، لیام پلنکٹ نے 4، جیمز اینڈرسن نے 3 اور معین علی نے 2 وکٹیں لیں۔