مقبوضہ کشمیر : پولیس کی فائرنگ، ایک نوجوان جاں بحق، 4 زخمی

Kashmir

Kashmir

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے قصبے سوپور میں مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے ایک کشمیری نوجوان جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ یہ مظاہرے اُس فوجی آپریشن کے خلاف ہو رہے تھے جو پولیس اور فوج نے مشترکہ طور پر دو مسلح شدت پسندوں کے خلاف اتوار کی شب سے سوپور کی ایک بستی میں شروع کیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ لوگوں نے فرار ہونے والے شدت پسند کا تعاقب کرنے میں رکاوٹ ڈالی۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس پھینکی اور فائرنگ کی جس میں پانچ نوجوان زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو سری نگر منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران 20 سالہ ارشد علی شاہ انتقال کر گیا۔ نوجوان کی ہلاکت کے بعد سوپور میں مزید کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

دوسری جانب پیر کو سری نگر اور بعض دیگر قصبوں میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی کال پر ہڑتال کی گئی۔فرنٹ نے پیر کو سری نگر سے ’کشمیر چھوڑ دو تحریک‘ کا آغاز کیاہے۔ حکام نے فرنٹ کے رہنما یٰسین ملک کو عوامی ریلی کی قیادت کرنے سے قبل ہی لال چوک میں گرفتار کر لیا تھا۔