بنوں: آئی ڈی پیز کا خوراک کی تقسیم میں بدنظمی کیخلاف احتجاج، پتھرائو

Food

Food

بنوں (جیوڈیسک) بنوں میں شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز نے خوراک کی تقسیم پر بدنظمی کے خلاف فوڈ پوائنٹ کے آہنی دروازے پر پتھراؤ کرکے اپنے دل کی بھڑاس نکالی اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔

فوڈ پوائنٹ کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں نے بمشکل دروازہ بند کرکے اپنی جان بچائی اور چار دیواری کے اندر سے ہوائی فائرنگ کرتے رہے۔ پتھراؤ اور گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے علاقہ گونجتا رہا۔

مظاہرین نے بنوں کوہاٹ روڈ بند کر دیا جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ متاثرین نے مزید فوڈ پوائنٹ قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تا کہ لوگوں کو خوراک کے حصول میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔