لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اور بلوچستان کے کچھ مقامات پر گزشتہ روز کی بارش نے موسم کچھ بہتر کردیا ہے، ضلع بدین میں تیز طوفانی گرد آلود ہواؤں سے ساحلی و دیہی علاقوں میں کئی کچے گھروں کی چھتیں اڑ گئیں۔
سندھ میں ضلع بدین اور گرد ونواح میں تیز طوفانی گرد آلود ہواؤں نے معمولات زندگی بری طرح متاثر کر دیئے ہیں، جس کے نتیجے میں ساحلی و دیہی علاقوں میں موجود30 سے زائد کچے گھروں کی چھتیں اڑ گئیں۔
جبکہ شہری علاقوں میں درجنوں دکانوں کے شیڈ اور چھپر اُڑ گئے۔تیز ہواؤں کے باعث زیرو پوائنٹ،شیخانی کے مختلف دیہات میں درجنوں کچے گھروں کی دیواریں گر گئیں۔
پنجاب کے شہر سرگودھا میں گزشتہ روز کی موسلادھار بارش کے بعد جگہ جگہ پانی جمع ہونے کی وجہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھرگزشتہ شب بلوچستان کے میدانی علاقوں جعفرآباد،نصیرآباد، سبی ، جھل مگسی اور بولان میں تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کے بعد آج گرمی میں کچھ کمی ہوئی ہے ۔