پنجاب اسمبلی اجلاس، آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری، مفت تعلیم کے آرڈیننس میں توسیع

Budget

Budget

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی ، مفت لازمی تعلیم کے آرڈیننس میں مزید تین ماہ کی توسیع کر دی گئی۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا تو ایوان نے باضابطہ طور پر فنانس بل منظور کرتے ہوئے ایک ہزار چوالیس ارب روپے بجٹ کی منظوری دے دی۔ بجٹ میں اپوزیشن کی کوئی ترمیم منظور نہیں کی جا سکی۔

پنجاب اسمبلی نے مفت لازمی تعلیم کے آرڈیننس میں مزید نوے روز کی توسیع بھی کی۔ مسودہ باب پاکستان فاؤنڈیشن اور ترقیاتی اتھارٹیز کی جانب سے املاک کا انتظام اور منتقلی کا بل بھی منظور کر لیا گیا۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کو پیش کیا گیا۔ سپیکر نے بل متعلقہ کمیٹی کو سپرد کر کے دو ماہ میں رپورٹ مانگ لی۔