لیڈز (جیوڈیسک) سری لنکن بیٹسمین مہیلا جے وردنے مجموعی ٹیسٹ رنز کے لحاظ سے ساتھی بیٹسمین کمار سنگاکارا کے برابر پہنچ گئے۔ مہیلا جے وردنے نے انگلینڈ کے خلاف جاری لیڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں یہ اعزاز 79 رنز کی اننگز کھیل کر حاصل کیا اور کمار سنگاکارا کی طرح 11493 رنز تک جا پہنچے۔
یوں دونوں بیٹسمین ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کے لحاظ سے مشترکہ طور پر چھٹی پوزیشن پر فائز ہو گئے ہیں البتہ یہ ایک الگ بات ہے کہ مہیلا جے وردنے نے کمار سنگاکارا کے 124 ٹیسٹ میچوں کے مقابلے میں اس منزل تک رسائی 145 میچوں میں ممکن بنائی ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں دونوں کھلاڑی ٹرپل سنچریاں بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں لیکن کمار سنگاکارا نے اگر چھتیس ٹیسٹ سنچریاں اسکور کی ہیں تو مہیلا جے وردنے اب تک اپنے کیریئر میں تینتیس سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔