لاہور : صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کا پیسہ محنت کشوں کی خون پسینے کی کمائی ہے جس پر صرف مزدور کا حق ہے۔ حکومت پنجاب نے فیکٹری ورکرز کی ویلفیئر گرانٹس کے معاملات کو تمام اضلاع میں کمپیوٹرائزڈ کر کے آن لائن کردیا ہے تاکہ ان کے بچوںکے تعلیمی اور شادی بیاہ سمیت دیگر معاملات کی بروقت خوش اسلوبی سے ادائیگی کے لیے امدادی رقوم کی تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے یہ بات آج انڈسٹریل ریلیشنز انسٹی ٹیوٹ (سعید اعوان سنٹر)ٹائون شپ میں محکمہ لیبر و انسانی وسائل اور ورکرز ویلفیئر بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام صنعتی کارکنان کی بچیوں کی شادی کے لیے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے 690صنعتی کارکنان کی بچیوں کی شادی کے لیے مجموعی طور پر 4کروڑ 83لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے ۔انہوں نے محنت کشوں اور صنعتی کارکنان کی بچیوں کے لیے فی کس ایک لاکھ روپے پرمشتمل میرج گرانٹ چیک تقسیم کئے۔ تقریب میں مسلم لیگ(ن) لیبر ونگ لاہور کے صدر شہزاد انور ،جنرل سیکرٹری متحدہ لیبر فیڈریشن حنیف رامے کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری لیبر ناصر جمیل ، سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ خالد محمود، ڈی جی لیبر ویلفیئر سید حسنات جاوید ، ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر لاہور چوہدری محمد نعیم و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع لاہور سے تعلق رکھنے والے صنعتی کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
راجہ اشفاق سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر کے محنت کشوں کی ویلفیئر گرانٹس کے معاملات کو کمپیوٹرائزڈ اور آن لائن کر نے کے لیے تمام اضلاع میں کمپیوٹراور متعلقہ جدید آلات فراہم کردئیے گئے ہیں جن کا رابطہ ہیڈ آفس سے ہوتاہے تاکہ محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم ، شادی بیاہ اور دیگر معالات کی درخواستوں کو جلد از جلد نمٹایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی ویلفیئر گرانٹس کی معاملات میں تاخیری حربے استعمال کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ پنجاب کے سکولوں میں محنت کشوں کے 40ہزار بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ ایک ہزار بچے کامسیٹ جیسے جدید تعلیمی اداروں میں مفت اعلیٰ تعلیم کی سہولت سے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے لیے مالکانہ حقوق پر تمام جدید سہولیات سے آراستہ20ہزار فلیٹس تعمیرکرنے کا منصوبہ بھی بنایا جا چکا ہے۔