دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس

Allama Nasir Abbas

Allama Nasir Abbas

کراچی : مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ہمارا مؤقف آج سچ ثابت ہوچکا ہے، ہم نے روز اول ہی طالبان سے مذاکرات کو شیطان سے مذاکرات قرار دیا تھا، وطن کو بچانے کے لئے دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کرنا ہوگا، دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کیلئے مجلس وحدت مسلمین کا ایک ایک کارکن فوج کے ساتھ ہے،نواز شریف نے طالبان سے مذاکرات کی بدعت کو رواج دے کر ملک دشمنی کا ثبوت دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت سیکریٹریٹ میں یوتھ ونگ کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ وطن کی سلامتی کی آواز کو بلند کیا اور یہ مطالبہ کیا کہ طالبان سے مذاکرات کے راستے کو ترک کرکے ان کے خلاف ملک گیر فوجی آپریشن کیا جائے، خدا کا شکر ہے کہ آج ہمارا مؤقف سچ ثابت ہوچکا ہے کہ دنیا نے ہمارے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے آپریشن کی حمایت کاا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی بقا ء اور دفاع کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے، حکمران آمرانہ طرز پالیسیوں پر گامزن ہیں جو کسی طور پر بھی جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہے۔

نواز شریف نے طالبان سے مذاکرات کی بدعت کو رواج دے کر ملک دشمنی کا ثبوت دیا، انہوں نے ایک ایسے وقت میں دہشت گردوں سے مذاکرات کے راستے کو اختیار کیا کہ جب فوجی بھائیوں کے گلے کاٹنا ، امام بارگاہوں مساجد چرچوں اور مزارات سمیت عوامی مقامات پر دھماکے معمول بن چکے تھے، نواز شریف نے طالبان کی حمایت کرکے وطن سے غداری کا ثبوت دیا ہے، انشاء اللہ نواز شریف کے ظلم کے خلاف اپننے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے اور آپریشن ضرب عضب میں اپنے فوجی بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔