شمالی وزیرستان کے متاثرین کو فی خاندان 12 ہزار روپے دیے گئے، عبد القادر بلوچ

Abdul Qadir Baloch

Abdul Qadir Baloch

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر سیفران عبد القادر بلوچ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کو فی خاندان 12 ہزار روپے دیے گئے ہیں، بہت جلد وزیراعظم نواز شریف بنوں کا دورہ کریں گے، متاثرین کو ضرورت کے مطابق راشن دیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ دیگر عالمی امدادی تنظیمیں بھی متاثرین کی مدد کر رہی ہیں، پنجاب حکومت نے 50 کروڑ روپے آئی ڈی پیز کو دینے کا اعلان کیا ہے، وفاقی حکومت کے ملازمین بھی ایک دن کی تنخواہ آئی ڈی پیز کو دیں گے، وزرا اور (ن)لیگ کے ارکان پارلیمنٹ بھی ایک دن کی تنخواہ آئی ڈی پیز کو دیں گے۔

عبدالقادر بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ فوج نےآئی ڈی پیز کے لیےاسپتال کاانتظام کیا ہے، فوج نےآئی ڈی پیز کے راشن کے لیے کئی پوائنٹس قائم کیے ہیں، وفاقی حکومت نے متاثرین کیلئے ڈیڑھ ارب روپے جاری کیے ہیں، متاثرین کو مکان کے کرائے کیلئے فی خاندان 3 ہزار روپے بھی دیے جائیں گے۔