نائیجیریا میں بوکو حرام کے حملہ میں 30 افراد ہلاک، مزید 60 خواتین سمیت 90 افراد اغوا

 Boko Haram Attack

Boko Haram Attack

ابوجا(جیوڈیسک) نائیجیریا میں بوکو حرام کے حملے میں 30 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ شدت پسند تنظیم نے مزید 60 خواتین اور 31 نوجوان لڑکوں کو اغوا کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک مقامی عہدیدار کا کہنا ہے کہ بوکو حرام کے مسلح افراد نے گزشتہ ہفتے ریاست بورنو کے ضلع ڈمباؤ کے ایک گاؤں پر حملہ کر کے 30 افراد کو ہلاک کر دیا جب کہ 61 خواتین سمیت 91 افراد کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے، اغوا ہونے والی خواتین میں بچیاں بھی شامل ہیں، جن کی عمریں 3 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ دوسری جانب نائیجیریا کی سیکیورٹی فورسز نے اغوا کے اس واقعے کے وقوع پذیر ہونے سے انکار کیا ہے۔

ابوجا میں نائیجیریا کے محکمہ دفاع کی ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ بورنو میں لڑکیوں کو اغوا کرنے کی اطلاعات کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے، ڈمباؤ کی مقامی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 60 خواتین کو اغوا کر لیا گیا ہے، بوکو حرام ان لڑکیوں کی رہائی کے بدلے میں اپنے زیر حراست کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہی ہے، لیکن صدر جوناتھن گڈلک نے کہا کہ وہ اس تبادلے کی اجازت نہیں دیں گے۔