ریوڈی جنیرو (جیوڈیسک) فیفا ورلڈ کپ میں آج 4 میچز کھیلے جائیں گے، گروپ ای اور گروپ ایف سے کونسی ٹیم دوسرے رائونڈ میں پہنچے گی، فیصلہ آج ہوجائے گا۔ میگا ایونٹ میں آج کا پہلا میچ رات 9 بجے گروپ ایف کی نائیجیریا اور ارجنٹینا کے درمیان ہوگا، ارجنٹینا کی ٹیم پہلے ہی دو کامیابیوں کے بعد اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہے، نائیجیریا کی ٹیم میچ برابر کھیل کر ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچ جائے گی۔
گروپ ایف کا دوسرا میچ بھی رات 9 بجے ایران اور بوسنیا ہرزگووینا کے درمیان ہوگا، اس میچ میں کامیابی ایران کو 3 پوائنٹس دلادے گی، نائیجیریا کی ناکامی کی صورت میں ناک آئوٹ مرحلے میں رسائی کا فیصلہ گول اوسط پر ہوگا۔ بوسنیا کی ٹیم دو میچز میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔
تیسرا میچ رات ایک بجے گروپ ای میں موجود سوئٹزرلینڈ اور ہنڈراس کے درمیان ہوگا۔ رات 1 بجے اسی گروپ کی فرانس اور ایکویڈور کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ ایکویڈور اور سوئٹزرلینڈ کے دو دو میچز کے بعد 3، 3 پوائنٹس ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لئے دونوں ٹیموں کے درمیان اصل مقابلہ ہے۔ اس گروپ میں فرانس کی پوزیشن بہتر گول اوسط کی وجہ سے کافی مضبوط ہے۔