لیڈز (جیوڈیسک) میچ انتہائی دلچسپ ثابت ہوا اور میزبان ٹیم نے سری لنکا کو فتح سے دور ہی رکھا، تا ہم سری لنکا نے یہ فتح آخری دن کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کی۔
جس وقت انگلینڈ کا نواں کھلاڑی آوٹ ہوا تو ان کی شکست یقینی نظر آ رہی تھی، مگر آخری وکٹ کے لیے انگلش بلے باز معین علی نے جیمز اینڈرسن کے ساتھ 16 اوورز تک سری لنکن بولرز کا مقابلہ کیا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ میچ بچانے میں کامیاب ہو جائے گا لیکن 55 گیندیں کھیل کر کوئی بھی رن نہ بنانے والے اینڈرسن میچ کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
معین علی 108 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے اور ان کی تمام تر کوشش کے باوجود انگلینڈ یہ میچ برابر نہیں کر سکا۔ سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں دھمیکا پرساد نے پانچ اور رنگانا ہیرات نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
اس سے پہلے سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 457 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی تھی اور اس نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 350 رنز کا ہدف دیا تھا۔سری لنکا کی دوسری اننگز کی خاص بات اینجلو میتھیوز کی شاندار بیٹنگ تھی۔
انھوں نے 25 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 160 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ لنکن کپتان میتھیوز کو مین آف دی میچ، جب کہ انگلش باولر اینڈرسن اور میتھیوز کو مشترکہ طور پر مین آف دی سیریز قرار پائے۔اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا پہلی بار انگلینڈ میں سیریز جیتنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔