کرسٹیانو رونالڈو کے نئے ہیئر سٹائل کی سوشل میڈیا پر دھوم

Cristiano Ronaldo

Cristiano Ronaldo

برازیلیا (جیوڈیسک) پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے نئے ہیئر سٹائل کے بارے میں 50 ہزار ٹوئٹس کی گئی ہیں اور لوگوں نے کینسر سے متاثرہ ایک بچے کیلئے ان کے جذبے کی تعریف کی ہے۔ واضح رہے کہ برازیل میں پرتگال کی ٹیم کی سربراہی کرنے والے رونالڈو یوں تو اکثرو بیشتر خبروں میں رہتے ہیں تاہم وہ اپنے کھیل کی بجائے اپنے بالوں کے نئے انداز کے لیے سوشل میڈیا پر گفتگو کا مرکز ہیں۔

انھوں نے اپنے سر کے دائیں سائیڈزیڈ کی شکل میں بال ترشوائے ہیں۔ جب امریکہ کے خلاف میچ سے چند گھنٹے قبل وہ اپنے بالوں کے نئے انداز میں عوام کے سامنے آئے تو ٹوئٹر پر لوگ اپنا سر کھجانے لگے۔ کسی نے کہا کہ اسے ورلڈ کپ کے بدترین بالوں کے سٹائل میں شمار کیا جانا چاہیے جبکہ بعض لوگ یہ سوچ رہے تھے کہ کہیں یہ نئے انداز میں عدد سات (7) تو نہیں لکھا گیا ہے، لیکن کچھ ہی دیر بعد ان کے بالوں کا جو مذاق اڑایا جا رہا تھااس میں یکایک تبدیلی آگئی اور ٹوئٹر پر افواہوں کا بازار گرم ہو گیا۔

ایسا لگتا ہے کہ ایک فٹبال فین کی ایک ٹویٹ نے یہ کارنامہ انجام دیا جس کے تقریباً 900 فالوورز ہیں۔ اس نے لکھا کہ رونالڈو نے اپنے بال اس انداز میں اس لیے کٹوائے کہ وہ اپنے ایک نوجوان مداح کے اس نشان سے مشابہت چاہتے تھے جس کے دماغ میں رسولی تھی اور اسے گزشتہ ہفتے آپریشن کر کے نکالا گیا ہے۔