آپریشن ضرب عضب جاری،47 دہشتگرد ہلاک، آئی ڈی پیز محفوظ مقامات پر منتقل

North Waziristan Operation

North Waziristan Operation

بنوں (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں سینتالیس دہشت گرد ہلاک، درجنوں ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے، ساڑھے چار لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے، وزیر اعظم کی متاثرین کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت۔

جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں ستائیس دہشتگرد ہلاک ہوگئے، دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے اور اسلحہ کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کر دیا گیا۔

جیٹ طیاروں نے خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقے راج گل اور کوکی خیل میں بھی بمباری کی۔ کارروائیوں میں بیس دہشت گرد مارے گئے اور بارہ ٹھکانے تباہ ہوئے ادھر آپریشن ضرب عضب کے بعد رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک چار لاکھ چون ہزار دو سو سات افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت نقل مکانی کرنے والوں کے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت مشکل وقت میں متاثرین کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ وفاق نے متاثرین کیلئے اڑتیس کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں۔ مزید بیس کروڑ چند روز میں جاری کر دیئے جائیں گے۔