میران شاہ روڈ پر دوبارہ کرفیو نافذ، اقوام متحدہ کی ٹیم بنوں پہنچ گئی

Bannu

Bannu

بنوں (جیوڈیسک) میران شاہ روڈ پر دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا گیا جس کے باعث شمالی وزیر ستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کا سلسلہ رک گیا، متاثرین کا جائزہ لینے کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیم بھی بنوں پہنچ گئی۔

شمالی وزیر ستان میں نقل مکانی کرنے والوں کے لئے کرفیو میں دی گئی مہلت ختم ہو گئی ہے جس کے بعد بنوں میرانشاہ روڈ پر غیر معینہ مدت تک کے لئے دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب متاثرین کو غذائی اجناس فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پاک فوج سول اداروں کے ساتھ مل کر متاثرین کو خوراک اور رقم فراہم کر رہی ہے، اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق ضلع میں اب تک پچیس ہزار آئی ڈی پیز پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب جمعیت علما اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان نے بنوں پہنچے ہیں جہاں وہ متاثرین کے لیے قائم کیمپ کا دورہ کریں گے۔ متاثرین کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیم بھی بنوں پہنچ گئی ہے۔