حیدرآباد : مختلف علاقوں میں پانی کی قلت، لوگوں کو مشکلات

Hyderabad

Hyderabad

حیدرآباد (جیوڈیسک) حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خواتین اور بچے پانی کی تلاش میں جگہ جگہ سرگرداں نظر آتے ہیں۔

حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے،ان علاقوں میں حسین آباد، لیاقت اشرف کالونی، سرفراز کالونی، لیاقت کالونی، فردوس کالونی اور قائد آباد سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

مختلف علاقوں میں خواتین اور بچے برتن ہاتھوں میں اٹھائے پانی کی تلاش میں دربدر پھرتے رہتے ہیں۔ مختلف علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پانی حاصل کررہے ہیں۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی دن میں صرف ایک بار آتا ہے اور اسی دوران لوڈ شیڈنگ شروع ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے وہ پانی حاصل نہیں کر پاتے ۔پانی نہ ہونے سے انہیں گھریلو اُمور میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔