اقوام متحدہ (جیوڈیسک) پاکستان میں انسانی حقوق کمیشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کو اقوام متحدہ کے ایک تحقیقاتی پینل کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہ تین رکنی پینل سری لنکا میں مسلح تنازعہ کے آخری مرحلے میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر یو این کو تجاویز دے گا۔
فن لینڈ کے سابق صدر مارتی آہتساری اور نیوزی لینڈ کی ہائی کورٹ جج اور سابق گورنر جنرل سلویا کارٹ رائٹ بھی بدھ کو یو این ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کی جانب سے اعلان کردہ پینل کا حصہ ہوں گی۔ یو این کی ہائی کمشنر نوی پلے نے کہا کہ وہ فخر محسوس کر رہی ہیں کہ ان تین نمایاں ماہرین نے اس اہم اور چیلنجنگ تحقیقات کے لیے اپنی معاونت فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
یاد رہے کہ سری لنکا کی حکومت نے تقریباً تین دہائیوں تک وقفے وقفے سے جاری لڑائی اور اس کے نتیجے میں ہزاروں ہلاکتوں کے بعد مئی، 2009 میں باغی لبریشن ٹائیگرز آف تامل ایلام (ایل ٹی ٹی ای) کے خلاف فتح کا اعلان کیا تھا۔