پشاور ایئرپورٹ کی سیکورٹی سخت کرنے کا پلان تیار

PESHAWAR

PESHAWAR

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا پولیس نے باچاخان ایئر پورٹ کی سیکورٹی سخت کرنے کا پلان تیار کر لیا ہے۔ ایئر پورٹ کے نواحی اور فاٹا سے ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر افراد کا ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

پشاور میں باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے والے پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کے بعد خیبر پختونخوا پولیس نےایئر پورٹ سیکورٹی سخت کرنے کا پلان تیار کرلیا ہے۔

آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رن وے کے اطراف اور خیبر ایجنسی سے متصل علاقوں کی پوری آبادی کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔ چودہ سال سے زائد عمر کے مردوں کی تصاویر، شناختی کارڈ ، موبائل نمبر اور فنگر پرنٹس بھی لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک ہزار پولیس اہلکار ایئرپورٹ کے نواحی علاقوں میں رہائشی آبادی کا سروے کریں گےاور ایئرپورٹ کے مضافاتی علاقوں میں پولیس کی پیشگی اجازت کے بغیر تعمیرات پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

ایئرپورٹ کے نواحی علاقوں میں شام کے بعد آنے والے مہمانوں کی تفصیل پولیس کو فراہم کرنے کی جائے گی۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مشترکہ ٹیمیں 24 گھنٹےائیر پورٹ کے قریب فرنٹیئر روڈ پر گشت کریں گی۔