پی آئی اے کے جہاز پر فائرنگ، سرچ آپریشن میں 250 گرفتاریاں

Operation

Operation

پشاور (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے باچہ خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی ایک پرواز پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 250 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ سرچ آپریشن ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بدھ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے آنے والے پی آئی اے کے جہاز پر قبائلی علاقے درۂ آدم خیل کے عسکریت پسند گروپ کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ گزشتہ رات کیے جانے والے سرچ آپریشن اور تفتیش کے بعد یہ شواہد ملے ہیں کہ جہاز پر فائرنگ درۂ آدم خیل کے نامعلوم مقام سے کی گئی۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ایس ایم جی گن کے ذریعے یہ فائرنگ کی گئی۔ ایس ایس پی آپریشنز نجیب الرحمان کے مطابق پی آئی اے کے جہاز پر اُس وقت حملہ کیا گیا، جب وہ ہزار فٹ کی بلندی پر تھا۔

اُن کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے جہاز کے محل وقوع کا اندازہ لگایا اور پھر فائرنگ کردی۔ تاہم اس واقعے کی ایف آئی آر اب تک درج نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔