ملتان میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، شہید پائلٹ اور معاون پائلٹ کی نماز جنازہ ادا

Multan

Multan

ملتان (جیوڈیسک) پاک فوج کا ہیلی کاپٹر ائرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہونے سے پائلٹ اور معاون پائلٹ شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے زیر استعمال کوبرا ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ ملتان ایئر پورٹ کے رن وے پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں آرمی ایوی ایشن کے پائلٹ میجر یاسر اور معاون پائلٹ کیپٹن مرتضیٰ شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا جب کہ حادثے کے وقت ملتان میں آندھی بھی چل رہی تھی۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے حادثے میں شہید ہونے والے دونوں پائلٹس کی میتوں کو سی ایم ایچ ملتان منتقل کیا۔

ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہونے والے دونوں فوجی اہلکاروں کی نماز جنازہ ملتان میں ادا کی گئی جس کے بعد فوجی اہلکاروں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں تدفقین کے لئے روانہ کر دی گئیں۔ شہید کیپٹن مرتضیٰ لاہور کے رہائشی تھے اوران کی 6 ماہ پہلے شادی ہوئی تھی جب کہ شہید میجر یاسر جھنگ کے رہنے والے تھے اور ان کاایک نوعمربیٹاہے۔