لندن (جیوڈیسک) ومبلڈن میں سربیا کی بوجانا نے وکٹوریا آذرنیکا کے اوسان خطا کر دیے جب کہ مینز میں7 سیڈ ڈیوڈ فیررکو اپ سیٹ شکست ہوگئی۔
غئر ملکی خبر رساں کے مطابق ویمنز سنگلز میں سابق ورلڈ نمبرون وکٹوریا آذرنیکا کو دوسرے رائونڈ میں سربیا کی بوجانا جونواسکی نے 6-3،3-6 اور 7-5 سے ہرا دیا، سیکنڈ سیڈ چینی اسٹار لینا نے آسٹریا کی یووینی میوسبرگر کو 6-2 اور 6-2 سے قابو کرلیا۔
اگنیسکا ریڈوانسکا نے کیسی ڈیلوکا کو 6-4 اور 6-0،پیٹرا کیوٹوا نے جرمن حریف مونا بارتھیل کو 6-2 اور6-0، وینس ولیمز نے جاپان کی کرومی نارا کو 7-6 (7/4) اور 6-1 جبکہ ویرا زونوریوا نے برطانیہ کی تارا مور کو 6-4، 6-7 (3/7) اور 9-7 سے مات دی۔
مینز سنگلز میں 7 سیڈ اسپینش پلیئر ڈیوڈ فیرر کو 2009 کے جونیئر ومبلڈن چیمپئن اور روسی کوالیفائر آندرے کوزینٹیسوف نے زیر کرلیا، اس طرح ان کی لگاتار 18 ویں مرتبہ گرینڈ سلم کے تیسرے رائونڈ تک پہنچنے کی مہم ختم ہوگئی، وہ اس سے قبل 2010 آسٹریلین اوپن کے دوسرے رائونڈ کا میچ ہارگئے تھے۔
دفاعی چیمپئن اینڈی مرے نے سلووینیا کے بلاز رولا کو 6-1، 6-1 اور 6-0 سے پچھاڑ دیا،ٹاپ سیڈ نووک جوکووک نے جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک کو مات دیدی، 6 سیڈ ٹوماس بریڈیچ نے آسٹریلیا کے برنارڈ ٹومک کو اعصاب شکن مقابلے میں ہرایا۔