پشاور (جیوڈیسک) پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں آپریشن ‘ضربِ عضب’ جاری ہے، جبکہ فورسز نے اب میران شاہ بازار میں پیش قدمی کا عمل شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فضائی کارروائی کے بعد پاک فوج اب زمینی کنٹرول حاصل کرنے کے لیے مشتبہ ٹھکانوں کو تباہ کررہی ہے حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے میران شاہ بازار اور اس کے اطراف کے علاقوں میں مورچے سنبھال لیے ہیں۔
تاہم اس حوالے سے فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ اس سے قبل منگل کے روز فورسز نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کم سے کم 47 مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ اس کارروائی میں دہشت گردوں کے گیارہ ٹھکانے بھی تباہ ہوئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی تباہ کردیا گیا۔