کوئٹہ (جیوڈیسک) صوبہ بلوچستان کی حکومت نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار کو بلوچستان انویسٹمنٹ بورڈ کے نائب چیئرمین کا تقرر کردیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیر اعلی کے مشیر برائے خزانہ میر خالد خان نے بجٹ کے دوران اپنی تقریر میں اعلان کیا تھا کہ صوبائی حکومت نے وزیراعلی ڈاکٹر عبدالماک بلوچ کی سربراہی میں ایک بورڈ تشکیل دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
سیکریٹری خزانہ مشتق احمد رئیسانی نے بدھ کو ڈان سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ارسلان افتخار کو بلوچستان انویسٹمنٹ بورڈ کے نائب چیئرمین کے عہدے پر تقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اعزازی عہدہ ہے جس میں انہیں تنخواہ اور کسی قسم کا الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی کی غیر موجودگی میں نائب چیئرمین انویسٹمنٹ بورڈ کے اجلاس کی قیادت کریں گے۔ یہ بورڈ بارہ اراکین پر مشتمل ہوگا، جبکہ دیگر ارکان کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔