شمالی وزیرستان متاثرین میں راشن کی تقسیم، بنوں میں مزید دو کیمپ قائم

North Waziristan

North Waziristan

بنوں (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان کے متاثرین میں راشن کی تقسیم کے لیے بنوں میں مزید دو کیمپ قائم کردیے گئے۔نقل مکانی کرنے والوں کے بچوں کو دوسرے روز بھی پولیو ویکسین دی گئی۔

وزیراعظم نواز شریف بھی آج بنوں کے ریلیف کیمپ کا دورہ کریں گے ۔شمالی وزیرستان کے متاثرین میں راشن کی تقسیم کے لیے بنوں کوہاٹ روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس میں صرف ایک ریلیف کیمپ قائم تھا۔ تاہم متاثرین کی بڑھتی تعداد اور ان کی سہولت کے لیے اب ممش خیل ڈگری کالج اور غوری والا میں بھی کیمپ قائم کردیے گئے ہیں جہاں سے متاثرین کو رجسٹریشن کارڈ کے ذریعے راشن دیا جارہا ہے۔

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنےوالے خاندان بنوں کے مشنری اسکولوں میں مقیم ہیں۔

میرانشاہ ، میرعلی اور رزمک سے آنے والے اقلیتی برادری کےافراد نے بتایا کہ پیدل سفر کرکے 25 سے 30 گھنٹے میں وہ بنوں پہنچے ہیں۔۔ لیکن ان کی اب تک رجسٹریشن نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی حکومتی نمائندے نے رابطہ کیا ہے۔ادھرمحکمہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا کے 6 اضلاع بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کرک، ہنگو اور لکی مروت میں انسداد پولیو مہم جاری ہے۔

دو روز کے دوران متاثرین کے 70 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائےجاچکے ہیں۔