ہنگو اور لنڈی کوتل میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، اسلحہ، بارود برآمد، ملزم گرفتار

Hangu Police

Hangu Police

ہنگو (جیوڈیسک) خیبرایجنسی میں لیویز فورسز نے دوران گشت کار سے سینکڑوں کی تعداد میں کارتوس برآمد کئے، ملزم بھی گرفتا کر لیا گیا۔ ہنگو میں بھی سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ پکڑا گیا۔

خیبرایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں لیویز فورس نے دوران گشت مشکوک کار کو روکا، تلاشی لینے پر کار کے خفیہ حانوں سے سینکڑوں کی تعداد میں کلاشنکوف کے ایم 16 کارتوس برآمد ہوئے۔ لیویز فورسز نے ملزم افتخار کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے لنڈی کوتل حوالات منتقل کر دیا۔

انتظامیہ کے مطابق ملزم اس سے پہلے بھی دو مرتبہ کارتوس سے بھری کار پشاور لے جا چکے ہیں ۔ ملزم کا تعلق پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے ہے، دوسری طرف ہنگو کے علاقے بگاٹو میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا۔

اس دوران ساٹھ کلو بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور ایس ایم جی رائفلیں برآمد ہوئی ہیں۔ ملنے والے اسلحے میں ریموٹ کنٹرول، بارودی سرنگیں ، دستی بم اور مارٹر گولے بھی شامل ہیں۔