حضرموت (جیوڈیسک) یمن کے مشرقی شہر میں مبینہ طور پر القاعدہ سے منسلک جنگجووں کے مختلف حملوں میں 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پہلا حملہ شہر میں قائم ایک فوجی چھاونی پر ہوا جہاں ایک خود کش حملہ آور نے بارود سے بھی گاڑی چھاونی کے داخلی دروازے سے ٹکرادی۔ اس کے نتیجے میں چار فوجی اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ خود کش حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔
چھاونی پر حملے کے دوران ہی جنگجووں کے ایک گروہ نے شہر کے ہوائی اڈے پر بھی حملہ کیا جسے، حکام کے دعوے کے مطابق، ناکام بنادیا گیا۔ حملے میں چار شدت پسند اور دو فوجی اہلکار مارے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنگجووں نے ہوائی اڈے کے نواح میں قائم ایک زرعی مرکز پر بھی حملہ کیا جس میں ایک خاتون ہلاک ہوئی۔ امریکا یمن میں سرگرم القاعدہ جنگجووں پر ڈرون حملے بھی کرتا آیا ہے البتہ امریکی حکومت نے کبھی باضابطہ طور پر ان حملوں کا اعتراف نہیں کیا ہے۔