امریکا کا عراق میں بھی ڈرون طیارے استعمال کرنے کا اعلان

Drones

Drones

بغداد (جیوڈیسک) عراق میں سنی جنگجووں کے خلاف عراقی فوج کی امداد کے لیے تعینات کی جانے والی ان کی پہلی فوجی کھیپ عراق پہنچ گئی ہے۔

عراق میں شدت پسند گروہوں کی جانب سے ملک کے شمالی علاقے میں متعدد قصبوں پر قبضے کے بعد امریکی اہلکار عراقی فوج کی مدد کے لیے تعینات کیے جا رہے ہیں۔ دنیا بھر سے عراق میں ایک قومی اتحادی حکومت کی تشکیل کے مطالبے سامنے آئے ہیں۔

تاہم مختلف سیاسی گروہ اس قسم کا معاہدہ نہیں کر سکے ہیں۔ داعش اور سنی مسلمانوں کا اتحاد عراق کے کئی علاقوں پر قبضہ کر چکا ہے جن میں عراق کا دوسرا بڑا شہر موصل بھی شامل ہے۔ سرحدی چوکیوں پر قبضے کے بعد یہاں حکومت کی عمل داری بظاہر ختم ہو گئی ہے۔

عراقی حکام کے مطابق باغیوں نے انبار صوبے میں دو چوکیوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ عراقی وزیرِاعظم نوری المالکی پر الزام لگتا رہا ہے کہ ان کی سنی مخالف پالیسیوں کی وجہ سے کچھ سنی شدت پسند جہادی تنظیم دولت اسلامی عراق و شام میں شامل ہوگئے ہیں اور عراقی فوجیوں کے خلاف جاری لڑائی میں حصہ لے رہے ہیں۔