بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں گیس ریفائنری میں دھماکا، 15 افراد ہلاک ، متعدد زخمی

Gas, Refinery

Gas, Refinery

گوداوری (جیوڈیسک) بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں سرکاری گیس ریفائنری میں دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ریاست آندھرا پردیش کے مشرقی ضلع گوداوری میں بھارتی گیس اتھارٹی لمیٹڈ میں اچانک گیس پائپ لائن میں دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی گاؤں نگرم کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حادثے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جب کہ 50 سے زائد گھربھی جل کر خاکستر ہو گئے۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو کیناڑا اور اماپرم اسپتال منتقل کردیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

گیس اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ کے چیئرمین بی سی ٹریپھاٹی کا کہنا ہے کہ دھماکا 18 انچ قطر کی پائن لائن میں ہوا تاہم اس کی وجوہات سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے تاہم دھماکے کے فوری بعد گیس کی سپلائی منقطع کردی گئی ہے۔