بنوں (جیوڈیسک) پاک فوج آپریشن ضرب عضب کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد زمینی کارروائی کیلئے تیاریاں کر لی گئیں ، دوسری طرف شمالی وزیرستان کے متاثرین میں حکومت اور فوج کی طرف سے امدادی سامان کی تقسیم کا عمل جاری ہے ، متاثرین کی نقل مکانی کیلئے کرفیو میں چار بجے تک نرمی کر دی گئی ہے۔
آپریشن ضرب عضب کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے کے قریب ہے جس کے بعد فورسز علاقے میں زمینی کارروائی کا آغاز کریں گی جس کے لئے پاک فوج کی تیاریاں مکمل ہیں ، پاک فوج کے دستے مکمل تیاری کی حالت میں موجود ہیں۔
زمینی کارروائی شمالی وزیرستان کو شدت پسندوں سے پاک کرنے اور حکومتی رٹ قائم کئے جانے تک جاری رہے گی۔ دوسری طرف شمالی وزیرستان کے متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کا عمل دوسرے روز بھی جاری ہے۔
شدید گرمی میں پاک فوج اور حکومت کی طرف سے متاثرین کو کھانے پینے ، ادویات اور ضروریات زندگی کا سامان دیا جا رہا ہے ۔ بنوں کی مرکزی شاہراہ پر واقع سٹڈیم سے راشن کی تقسیم کی جا رہی ہے جہاں پر لوگوں کی قطار صبح لگتی ہے اور سورج غروب ہونے تک جاری رہتی ہے۔
امدادی سامان میں چار افراد کے سونے جتنا ایک خیمہ ، زمین پر بچھانے کی دو دریاں ، دس کلو آٹے کا تھیلہ اور گھی کا بڑا ڈبہ شامل ہے۔ بعض فلاحی اداروں کی جانب سے متاثرین میں تیار کھانا بھی مہیا کیا جا رہا ہے جبکہ جوس ، پانی ، شربت اور طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
کیمپوں میں متاثرین کے مویشیوں کو بھی چارہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ بنوں کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان ، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، پشاور اور دوسرے علاقوں میں بھی متاثرین کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے۔ متاثرین کی نقل مکانی کیلئے آج شام چار بجے تک کرفیو میں نرمی بھی کر دی گئی ہے۔