کراچی (جیوڈیسک) سعودی عرب اور امارات میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا سعودی عرب اور یو اے ای میں پہلا روزہ کل 29جون اتوار کو ہو گا۔
انڈونیشیا، ملائشیا اور سلطنت عمان میں بھی پہلا روزہ کل ہو گا۔ دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس (آج) ہفتہ کو کراچی میں ہو گا وفاقی حکومت نے ملک بھر میں رمضان المبارک کا ایک ساتھ آغاز کرنے کیلئے خیبر پی کے حکومت کو خط بھیج دیا ہے۔
دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات محمد ریاض نے کہا کہ (آج) ہفتہ کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے امکانات نہیں۔ ایک ساتھ رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے وزیر مذہبی امور خیبر پی کے حبیب الرحمان کا کہنا ہے کہ متفقہ فیصلے کے لیے ان کی حکومت ہر تعاون کو تیار ہے۔
ملک بھر میں ایک ہی دن پہلاروزہ رکھنے سے متعلق وفاقی حکومت کی جانب سے خط صوبائی حکومت کو موصول ہوا ہے۔ وفاقی حکومت نے خیبر پی کے میں رمضان پہلے شروع نہ ہونے کی درخواست کی ہے۔
تمام مکاتب فکر کے علماء کو بھی رمضان کے معاملے پر اعتماد میں لینے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔سرکاری اعلان کے مطابق عمان قطر اور کویت میں پہلا روزہ کل ہو گا جبکہ امریکہ اور یورپ کے کئی ممالک میں آج روزہ ہے۔