لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور آل پاکستان مسلم لیگ نے پاکستان عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے، تاہم جمعیت علمائےاسلام (س) نے شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک نے اتوار کے دن ساڑھے 11بجے منہاج القرآن سیکریٹریٹ لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سےآل پارٹیز کانفرنس بلا رکھی ہے،تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور آل پاکستان مسلم لیگ نے اس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریکِ انصاف کا وفدشاہ محمود قریشی، میاں محمودالرشید اور اعجاز چودھری پر مشتمل ہوگا، عوامی تحریک کے ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے 3رکنی وفدکی قیادت حافظ سلمان بٹ کریں گے، دیگر ارکان میں نذیر جنجوعہ اور میاں مقصود احمد شامل ہوں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی اور سابق صدر جنرل ریٹائرڈ مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ نے بھی وفود بھجوانے کی ہامی بھری ہے، دوسری جانب جمعیت علمائےاسلام س کے ترجمان مولانا عاصم مخدوم نے بتایا کہ مولاناسمیع الحق کی قیادت میں پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی جماعت طاہرالقادری کی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی۔