پاکستان عوامی تحریک کی اے پی سی، متحدہ اور تحریک انصاف نے دعوت قبول کر لی

Pakistan Awami Tehreek, APC

Pakistan Awami Tehreek, APC

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پاکستان عوامی تحریک کی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔

جے یو آئی س نے معذرت کر لی۔ منظور وٹو کہتے ہیں پیپلز پارٹی کو دعوت نہیں ملی بلایا گیا تو فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں طاہر القادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہی کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج ہوئی نہ ہی شہباز شریف نے استعفی دیا۔

اے پی سی ون پوائنٹ ایجنڈے پر ہوں گی۔ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور محمود الرشید شرکت کریں گے۔ شیخ رشید احمد بھی اے پی سی میں شریک ہونگے۔ ایم کیو ایم نے بھی پاکستان عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔

ترجمان کے مطابق متحدہ کا وفد کانفرنس میں شریک ہو گا۔ جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے عوامی تحریک کی اے پی سی میں شرکت سے معذرت کر لی ہے جبکہ منظور وٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے اے پی سی کا دعوت نامہ نہیں ملا اگر بلایا گیا تو فیصلہ مرکزی قیادت کرے گی۔