چار حلقوں میں ہی دھاندلی نہیں ہوئی بلکہ پورا الیکشن ہی جعلی تھا: پرویز الہی

 Pervaiz Elahi

Pervaiz Elahi

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ قائد اعظم کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ انتخابی دھاندلی میں ملوث تمام کرداروں کو بے نقاب کر کے ایسی سز ادینی چاہیے کہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کرے۔

عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر بھرپور سیاسی سرگرمیاں جاری رہیں مسلم لیگ قائد اعظم کے رہنماوں نے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں ان سے ملاقات کر کے آئندہ سیاسی لائحہ عمل اور دیگرامور بارے مشاورت کی۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلی اس کے ماسٹر مائنڈ، جی او آر کے نقاب پوش اور سابق چیف جسٹس کے بارے میں جو انکشافات الیکشن کے فوری بعد کیے وہ سچ ثابت ہو رہے ہیں۔

دھاندلی کے ایک ماسٹر مائنڈ کے بیٹے کو کم عمر ہونے کے باوجود پنجاب میں ایڈوکیٹ جنرل کا اضافی چارج دیدیا گیا۔

دوسرے کے بیٹے کو بلوچستان میں انویسٹمنٹ بورڈ کا وائس چیئرمین بنا دیا گیا۔ پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دھاندلی کے بارے میں جو باتیں کی ہیں سچ ہیں ابھی اے پی سی پر توجہ ہے اس کے بعد اپوزیشن جماعتیں لانگ مارچ کے بارے میں سرجوڑ کر بیٹھیں گی۔