اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور ہندوستان کے وزراء تجارت کے درمیان اگلے مہینے بھوٹان میں ملاقات ہوگی جس میں دوطرفہ تجارت کی بحالی پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ ایک سینیئر عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ دونوں وزراء کے درمیان یہ ملاقات 24 جولائی کو سافٹا وزارتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوگی۔
اس موقع پر سارک ملکوں کے وزراء تجارت بھی اس اجلاس میں موجود ہوں گے جس میں تجارت کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔خیال رہے ہندوستان کے حالیہ عام انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے وزراء تجارت کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہوگی۔
پاکستانی وزیرِ تجارت خُرم دستگیر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوطرفہ تجارت کو بحال کرنے کی خاطر ہدستانی وزیر نرملا سیتا رامن کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تجارت کا عمل بحال کرنے کے لیے ہرآپشن کا استعمال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سن 2012ء میں پاکستان نے تجارتی فہرست میں شامل اشیاء کو ایک ہزار نوسو اٹھارہ سے بڑھا کر 5 ہزار آٹھ سو کردیا تھا اور اس وقت صرف ایک ہزار دو سو نو آئٹمز منفی فہرست کا حصہ ہیں۔ خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ سارک اجلاس میں رکن ملکوں کے ساتھ آزادانہ تجارت کی بحال پر بات چیت کی جائے گی۔