لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جس طرح پوری قوم یکجا ہوئی ہے اس بات کا ثبوت ہے۔
کہ ملکی مفادات ، بقا اور سا لمیت کی خاطر ہم ہر قسم کے سیاسی نظریات سے بالا تر ہو کر متحد ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ عوام صحت ، تعلیم اور بنیادی سہولتوں کے حوالے سے کئی قسم کے مسائل کا شکار ہیں۔
جن کے حل کے لیے صاحب ثروت لوگوں کو آگے آنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گورنر ہاؤس میں صاف پانی کے منصوبے کی ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے۔
کہ اکیسویں صدی میں بھی 50 فیصد پاکستانی صاف پانی کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے صحت کے حوالے سے پیچیدہ مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔ انہو ں نے اپنی زیر نگرانی پینے کے صاف پانی کے منصوبے کی کامیابی کا سہرا بھی مخیر حضرات کو قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس منصوبے میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔