حکمران عوام کو رمضان کی رحمتوں سے محروم کرنا چاہتے ہیں ‘ اے پی ایم ایل

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے سربراہ و سابق صدر پاکستان جنرل ( ر) پرویز مشرف کی جانب سے عالم اسلام اور عوام پاکستان کو ماہ رمضان کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اے پی ایم ایل سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سیدنے کہا ہے کہ رمضان سے قبل گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور بجلی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں مہنگائی کا دانستہ طوفان بپا کرکے پریشان حال عوام کو رمضان کی نعمتوں ‘ رحمتوں اور برکتوں سے محروم کرنے کی سازش کے مترادف ہے۔

انہوں نے قوم کو اپنے قائد کی جانب سے رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف اور ان کی سیاسی و عوامی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ سے وابستہ ہر عہدیدار ‘ کارکن اور ہمدرد اللہ رب العزت کے حضور دعا گو ہے۔

اللہ حکمرانوں کو ہدایت عطا فرمائے اور عوام کو ان کی ناقص حکمت عملی کی بھینٹ چڑھ کر مسائل و مصائب کے باعث خود کشی کرنے سے محفوظ بنائے اور اس ماہ صیام کو حقیقی معنوں میں پاکستان کے عوام کیلئے بھی نعمتوں ‘ رحمتوں اور برکتوںو مغفرت کا مہینہ بناکر ہم سب کو صوم و صلوٰة اور عبادات کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری نیکیوں و عبادات کو قبول فرماتے ہوئے افواج پاکستان کو فتح و نصرت عطا کردے تاکہ پاکستان بد امنی و دہشتگردی سے نجات پاکر محفوظ و پر امن ریاست کے طور پر گمشدہ اپنے مقام کو پھر سے حاصل کرسکے اور عوام اپنے حق کے حصول کیلئے لب کھولنے اور ظلم کرنے والے ہاتھ کو پکڑ کر مروڑ نے کے قابل ہوسکیں۔