انسداد کرپشن کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا منصوبہ

Education

Education

اسلام آباد (جیوڈیسک) انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی کو سکول کے نصاب کا حصہ بنانے کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) نے صوبوں کے محکمہ تعلیم اور ٹیکسٹ بک بورڈ سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب کے ترجمان رمضان ساجد نے اتوار کو بتایا ‘ہم کرپشن کی لعنت اور اس کی روک تھام کے حوالے سے نوجوان نسل میں شعور پیدا کرنا چاہتے ہیں’۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ ملک بھر میں انسداد بدعنوانی سے متعلق جاری بیداری اور روک تھام کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے والی ایک ملاقات میں کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کی۔ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوا تو ملکی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہو گا جب سکول کی سطح پر کرپشن سے متعلق سبق پڑھائے جائیں گے۔

نیب چیئرمین نے انسداد بدعنوانی کے طریقہ کار سے متعلق 59 مختلف قوانین اپنائے جانے کے باوجود اس لعنتے کو ختم کرنے میں کوئی تسلی بخش اقدام نہیں اٹھائے جا سکے۔ ‘وقت آگیا ہے کہ اب عوام میں کرپشن سے متعلق شعور بیدار کیا جائے تاکہ نظام میں موجود نقائص کی نشاندہی اور انہیں ختم کیا جا سکے۔’

نیب چیئرمین نے بیورو کے ڈیوژن برائے بیداری و روک تھام اور ریجنل نیب دفاتر کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کو صوبوں کے محکمہ تعلیم اور ٹیکسٹ بک بورڈز کے ساتھ اٹھائیں تاکہ پہلی سے دہم کلاس تک کی ٹیکسٹ کتابوں میں نیب کے مونوگرام کے ساتھ بیداری پرمبنی نعرے شامل کیئے جا سکیں۔