کراچی (جیوڈیسک) سلیمان لاشاری قتل کیس میں عدالت نے مرکزی ملزم سلمان ابڑو کو بچہ جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
سلیمان لاشاری قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی جس میں مرکزی ملزم اور دیگر شریک ملزمان کو پیش کیا گیا جبکہ سلمان ابڑو کو وہیل چیئر پر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران ملزم سلمان ابڑو کی عمر کے حوالے سے میڈیکل بورڈ کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں قرار دیا گیا کہ ملزم کی عمر 17 سے 18 سال کے درمیان ہے جبکہ وکیل صفائی نے عدالت سے درخواست کی کہ مقدمہ عام عدالت میں منتقل کیا جائے کیونکہ ملزم نابالغ ہے اور عدالت کیس کی مزید سماعت کرنے کا اختیار نہیں رکھتی۔
دوسری جانب پراسیکیوٹر نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ میڈیکل بورڈ غیر جانبدار نہیں اس لئے سپر میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے جس کے بعد عدالت نے ملزم سلمان ابڑو کو بچہ جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ 8 اور 9 مئی کی درمیانی شب درخشاں تھانے کی حدود خیابان شمشیر میں بنگلے کے اندر فائرنگ سے سلیمان لاشاری ہلاک جبکہ سلمان ابڑو زخمی اور سلمان کے ساتھ پولیس اہلکار ظہیر ہلاک ہوگیا تھا۔