کامونکی (جیوڈیسک) آپریشن ضرب عضب میں شہید ہونے والے لانس نائیک ذکاء اللہ کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کامونکی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کے والد کا کہنا ہے کہ ملک کی خاطر اپنے سارے بیٹے قربان کرنے کے لیے تیار ہوں۔
لانس نائیک شہید ذکاء اللہ نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
سبز ہلالی پرچم میں لپٹا شہید کا جسد خاکی کامونکی پہنچا تو بوڑھے اور جوان آخری دیدار اور کاندھا دینے پہنچ گئے۔
نماز جنازہ کامونکی غلہ منڈی میں ادا کی گئی۔جس میں فوجی افسران سمیت شہید کے رشتہ داروں اور علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، صدر مملکت اور آرمی چیف کی جانب سے قبر پرپھول چڑھائے گئے۔شہید کی ٹوپی اور وردی والد کو پیش کی گئی۔قبر پر سبز ہلالی پرچم بلند ہوا تو باپ کا سر بھی فخر سے بلند ہوگیا۔
ذکاء اللہ نے 12 سال قبل دفاع وطن کے عزم کے ساتھ پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ تین سال قبل شادی ہوئی تھی۔ والدین، بیوی، ایک بیٹا اور بیٹی شہید کے سوگواران میں شامل ہیں۔