وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری کیلیے بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

Vehicles

Vehicles

کراچی (جیوڈیسک) مالی بحران سے دوچار حکومت سندھ کی شاہ خرچیاں، خسارے کا بجٹ پیش کرنے والی حکومت کے چیف ایگزیکٹو سید قائم علی شاہ اور چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہو تیانہ کیلیے 12 کروڑ روپے مالیت سے بلٹ پروف لینڈ کروزر گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مالی سال کے آخرمیں بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے قواعد وضوابط کو بھی یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ خزانہ کوگاڑیوں کی خریداری کے لیے شدید دبائو کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مالی بحران سے دوچار حکومت سندھ کی جانب سے صوبے کے چیف ایگزیکٹیو اور چیف سیکریٹری کی سیکیورٹی کوفول پروف بنانے کیلیے 8 کروڑ روپے کی لاگت سے 3 بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جائیں گی اس سلسلے میں باقاعدہ ورک آرڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ان 3 لینڈ کروزر کو بلٹ پروف بنانے پر مزید 4 کروڑ روپے کے اخراجات کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ سندھ سیکریٹریٹ میں واقع اپنے دفتر آنے سے بھی گریز کر رہے ہیں۔

اور اپنی رہائیش گاہ تک محدود ہو چکے ہیں جس کی بنا پر سیکریٹریٹ آنے والے ملاقاتیوں کو نہ صرف مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ سیکڑوں فائلیں بھی التوا کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کی اس وقت 4 فیکٹریاں کام کررہی ہیں۔ ایک گاڑی کو بلٹ پروف بنانے پر 30 لاکھ روپے خرچہ ہوتے اوران گاڑیوں پر کلاشنکوف کی گولیاں بھی اثر نہیں کرتی ہیں۔