لاہور (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز آج سے ہوگا ، لاہور سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور توڑ دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے اسلام آباد ، بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ بارشوں کا یہ سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا۔
جبکہ بدھ اور جمعرات کو ہزارہ اور گوجرانوالہ ڈویژن میں چند ایک مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ رات گئے لاہور، سمبڑیال ، شیخوپورہ ، گجرات ، سرگودھا اور گردو نواح میں بادل جم کر برسے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
شہری ٹھنڈی ہواؤں سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور سمیت دیگر علاقوں میں مزید رم جھم کی پیش گوئی کی ہے۔ دوسری جانب ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے تاہم گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔