میران شاہ میں بارودی سرنگیں بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی

Miran Shah

Miran Shah

میران شاہ (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران سیکیورٹی فورسز نے میران شاہ میں کاروائی کے دوران بارودی سرنگیں بنانے والی بڑی فیکٹری برآمد کر لی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بتایا ہے کہ میران شاہ میں بارودی سرنگیں بنانے والی فیکٹری سے بارود سے بھرے 225 سلنڈر برآمد کیے گئے ہیں، ہرسلنڈر میں 80 سے 100 کلو گرام کا مواد موجود ہے جبکہ 150 خالی سلنڈر بھی برآمد ہوئے۔

چھروں اور نٹ بولٹ سے بھرے 400 بیگ اور بارود سے بھرے 700 پائپ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق فیکٹری سے تربیتی لٹریچر، جسمانی تربیت اور ویلڈنگ کے سامان کے علاوہ 10اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔