پاکستان نے ہلمند میں مداخلت کے افغانستان کے الزامات مسترد کردیئے

Tasneem Aslam

Tasneem Aslam

اسلام آباد(جیوڈیسک) دفتر خارجہ نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کی ہلمند میں مداخلت کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہے کہ ہلمند کی لڑائی میں پاکستان کے ملوث ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلام کا کہنا تھا کہ افغان حکام پاکستان کے خلاف اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کریں، پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن کے لئے کوشاں ہے لہذا افغان حکام کی جانب سے اس طرح کے الزامات اصل چیلنجز سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کردی گئی ہے، فہرست کے مطابق اس وقت پاکستان کی مختلف جیلوں میں بھارت کے 296 قیدی موجود ہیں جن میں 47 سویلین اور 237 ماہی گیر شامل ہیں۔

جب کہ 12 افراد ایسے بھی ہیں جو مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ فہرست کے تبادلے کے موقع پر بھارتی حکام کی جانب سے بھی بھارت کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئی۔