ذخیرہ اندوزوں گراں فروشوں کے گرد آہنی شکنجہ کس دیا :اشفاق سرور

Ashfaq Sarwar

Ashfaq Sarwar

فیصل آباد (جیوڈیسک) صوبائی وزیرمحنت وافرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو ہرممکن معاشی ریلیف کی فراہمی کا پختہ عزم رکھتی ہے اور اشیائے ضروریہ کے گرانفروشوں وذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجارہا ہے۔

رمضان المبارک میں بے جا مہنگائی اور گرانفروشوں کے رجحان کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں عام مارکیٹوں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں۔ رمضان بازاروں کے انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے خود وزیراعلیٰ سمیت صوبائی وزراء،سیکرٹریز،ارکان اسمبلی اور ڈویژنل و ضلعی مشینری مصروف عمل ہے۔ حکومت نے ماہ صیام کے دوران عوام کومعیاری اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے وسیع تراقدامات کئے ہیں۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب کے 5ارب روپے کے رمضان پیکج پر عملدرآمد کے علاوہ صوبہ بھر میں سستے رمضان بازاروں کا خاطر خواہ انعقاد کیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ فیصل آباد کے دوران ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام مختلف علاقوں میں لگائے گئے سستے رمضان بازاروں کامعائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی حاجی اکرم انصاری،راناافضل خاں،میاں عبدالمنان، شیخ اعجازاحمد،حاجی خالد سعید،فقیر حسین ڈوگر،میاں طاہر جمیل،بیگم نجمہ افضل،حاجی الیاس انصاری، سیکرٹری لیبر پنجاب فرحان عزیز خواجہ،ڈی سی او نورالامین مینگل،سی پی او ڈاکٹرحیدر اشرف اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیرمحنت ریاض شاہد چوک اسلام نگر،کلیم شہید پارک غلام محمدآباد،فیضان مدینہ چوک سوساں روڈ اور مین بازار جڑانوالہ میں گئے اور مختلف سٹالوں کا معائنہ کرتے ہوئے پھلوں،سبزیوں،دالوں اور کریانہ کی دیگر اشیاء کے معیار،دستیابی اورقیمتوں کاجائزہ لیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اشیاء کے معیار سے متعلق لوگوں کو شکایت نہیں ہونی چاہئے اور کسی بھی شے کی سپلائی میں تعطل پیدا نہ ہو۔صوبائی وزیرنے پختہ ڈھانچوں پر مشتمل سہولت بازاروں میں خوبصورت شیڈز، سٹالز، پنکھوں کی تنصیب،ٹف ٹائل سے فرش بندی، ٹائلٹس کی سہولت، صفائی ستھرائی،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب،پارکنگ،میڈیکل کیمپ،بزرگ شہریوں کے لئے خصوصی انتظام اور دیگر سہولیات کو سراہا۔وزن کے کنڈوں کی جانچ پڑتال کے لئے محکمہ لیبر کی طرف سے فراہم کی جانے والی انسپکشن آلات سے اشیاء کے پیکٹس کے وزن کے صحیح ہونے کی تصدیق بھی کی۔