لندن (جیوڈیسک) ومبلڈن ٹینس میں عالمی نمبر ایک رافیل نڈال کی چُھٹی ہوگئی، آسٹریلین نک کیریوس نے انہیں اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ سابق چمپئن روس کی ماریہ شراپوا کا سفر بھی چوتھے رائونڈ میں ختم ہو گیا۔ ومبلڈن میں جاری ایونٹ کے چوتھے رائونڈ میں سابق چمپئن رافیال نڈال اور آسٹریلیا کے نک کیریوس کے درمیان مقابلہ تھا۔
غیر معروف کھلاڑی نے صرف ایک سیٹ ہار کر میچ جیت لیا۔ نک کیریوس کی جیت کا اسکور سات چھ، پانچ سات، سات چھ اور چھ تین رہا۔ 1992 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ سو سے نیچے رینک والے پلیئر نے عالمی نمبر ایک کو شکست دی ہو۔ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اسپین کے ٹامی رابریڈو کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، ان کی جیت کا اسکور چھ ایک، چھ چار اور چھ چار رہا۔
ویمنز ایونٹ میں سابق چیمپئن ماریہ شراپووا کو جرمنی کی اینجلک کریبر کے ہاتھوں شکست ہوگئی۔ چوتھے رائونڈ کے میچ کے پہلے سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا۔ دوسراسیٹ شراپوا نے جیتا، تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں جرمن کھلاڑی چھائی رہیں، سات چھ، چار چھ اور چھ چار سے فتح سمیٹ کر انہوں نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ سابق چمپئن پیٹرا کویٹووا اور چیک ری پبلک کی لوسی سافارووا کامیابی کے بعد سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔