بنوں (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران زمینی کارروائی تیسرے روز بھی جاری ہے، میرانشاہ سے پکڑی جانے والی فیکٹری سے دیسی ساختہ بم اور ٹینک شکن بارودی سرنگیں برآمد ، دوسری طرف آئی ڈی پیز کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔
آپریشن ضرب عضب کے دوران زمینی کارروائی تیسرے روز بھی جاری ہے۔ دہشت گردوں کی متعدد پناہ گاہوں کو نیست و نابود کرنے کے بعد سیکورٹی فورسز کی پیش قدمی جاری ہے۔
ادھر زمینی کارروائی کے دوران گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں میران شاہ میں بم بنانے والی ایک فیکٹری پکڑی گئی جس میں دیسی ساختہ بم اور ٹینک شکن بارودی سرنگیں بنائی جاتی تھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیکٹری سے چار سو تیار بم اور سات سو پائپ اور دس تیار بارودی سرنگیں بھی برآمد ہوئیں۔
فیکٹری سے لٹریچر بھی ملا جس پر بم بنانے کے طریقے درج تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فضائی حملوں کے دوران دہشت گردوں کے زیادہ تر ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے۔ دوسری طرف آپریشن ضرب عضب کے دوران آئی ڈی پیز کی منتقلی کا سلسلسہ جاری ہے۔
فوج منتقل ہونے والے آئی ڈی پیز کو راشن ، دوائیں اور ضروریات زندگی کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم چند ایک مقام پر آئی ڈی پیز رجسٹریشن کے منتظر ہیں۔